نئی دہلی ،2؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی نے رائے بریلی میں این ٹی پی سی پلانٹ حادثے پر آج گہرے دکھ کا اظہا رکیا اور اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو دودو لاکھ روپے اور زخمیوں کو50-50 ہزار روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم کے دفترکے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کے مطابق وزیر اعظم مودی نے کہا کہ رائے بریلی میں این ٹی پی سی پلانٹ میں واقع حادثہ سے کافی مغموم ہوں ۔ہم اس دکھ کی گھڑی میں متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میری آرزو ہے کہ زخمی جلد ہی صحت یاب ہوں ، اس صورتحال پر قریبی نگرانی کی جا رہی ہے اور افسران حالات کی بحالی کو یقینی بنانے کی سمت کام کر رہے ہیں۔واضح ہوکہ کل رائے بریلی کے اونچا ہار میں واقع پاور کارپوریشن کے ایک پلانٹ میں بائیلر پھٹ جانے سے 26لوگوں کی موت ہوگئی تھی اور تقریبا 100سے زائد افرا د زخمی بھی ہوئے تھے۔